Fruits

املی کے فوائد

Imli or Tamarind Benifits in Urdu Hindi

املی جسے عوام انبلی فارسی میں تمرہندی اور انگریزی میں ٹےمرنڈس بولتے ہیں، ایک نہایت شفابخش غذائیت سے بھر پور لذیز کھٹ مِٹھا ایک قد آور درخت کا پھل ہے، جو شام، مِصر، لنکا اور بھارت میں بکثرت پیدا ہوتا ہے۔ پُرانے یونانی حکیموں نے اس سستی خوش مزہ دوا پر صدیوں پہلے ریسرچ کر کے اسے اپنے فارماکوپیا میں داخل کیا ہوا ہے، اس شفابخش پھل سے چاٹ، چٹنی اور مربہ بنانے کا رواج صدیوں سے پُرانے حکیموں نے جاری کر کے دکھی مخلوق کی بیحد خدمت کی ہے۔ املی کا مزاج بدستور سرد ہے اور اس میں گوشت بنانے والے روغنی سوڈیم، پوٹاشیم اور گرمی کو تسکین دینے والے وافر اجزاء پائے جاتے ہیں۔ اس میں وٹامن اے، بی بھی ہوتے ہیں، وٹامن سی کا تو یہ سستا نادر مجموعہ ہے۔ یہ خون کے جوش کو کم کرتی ہے، صفرا کے غلبہ کو مٹاتی اور ایک بے ضرر ہلکی قبض کشا گھریلو دوا ہے، معدہ کو طاقت دیتی، بھوک لگاتی اور دل کو تفریح دیتی ہے۔ اس کا گودا، بیجوں کا مغز اور اوپر کا چھلکا بھی شفائی اثرات سے مالا مال ہے۔
استعمال:
  1. جب خون میں تیزابیت بڑھ جائے، پھوڑے پُھنسیاں اور خارش جیسے امراض ہو جائیں تو 6 تا 12 گرام منڈی بوٹی اور شاہترہ 750 ملی لیٹر پانی میں دو تین جوش دے کر آگ سے اُتاریں اور اس میں 25 تا 50 گرام املی مِلا کر ٹھنڈا ہونے تک صبر کریں۔ ٹھنڈا ہونے پر اس کا ایک ایک پیالی بھر پانی نتھار کر چینی مِلا کر صبح و شام چند روز پینے سے خون صاف اور خارش دُور ہو جاتی ہے۔
  2. جب معدہ میں زہریلے مواد جمع ہو جائیں، پسلیوں کے نیچے بائیں طرف معدہ کی جگہ سخت اور پھولی ہوئی معلوم ہو، غذا کو دل نہ چاہے اور کھایا پیا قے کے ذریعے بدن سے نِکلتا جائے تو گُلاب کے پُھول اور پودینہ خشک 6، 6 گرام، زرشک 24 گرام اور املی 35 تا 70 گرام تک، پہلی تمام دواؤں کو ایک تا ڈیڑھ لیٹر پانی میں دو تین جوش دے کر آگ سے اُتارنے پر املی داخل کر کے رکھ چھوڑیں۔ اس سرد پانی کو گرمیوں میں برف سے ٹھنڈا کر کے اور سردیوں میں ویسے ہی ٹھنڈا کر کے چینی یا شربتِ انار مِلا مِلا کر دو دو چار چار چمچے بھر یہ خوش مزہ پانی پانچ دس منٹ بعد صبح سے شام تک پیتے رہیں تو ﷲ کے فضل سے قے بند، معدہ دُرست اور بھوک کُھل جائے گی۔
  3. آج کل جبکہ آنتوں کی خراش اور ہیضے کے اِکّے دُکّے مریض نظر آتے ہیں تو ان امراض کو ختم کرنے کے لیے تین تا سات دانے بڑی الائچی، 6 تا 12 گرام خشک پودینہ، پانچ تا گیارہ دانے آلوبخارا خشک اور 30 تا 60 گرام املی، لیٹر ڈیڑھ لیٹر پانی میں ہلکے دو تین جوش دے کر اس کا نتھرا ہوا پانی گھونٹ گھونٹ پیتے رہنے سے ہیضہ کی زہر سے معدہ انتڑیاں صاف، پیاس دُور اور بے چینی کافور ہو جاتی ہے۔
  4. گرمی کے اثر سے بُخار ہو جائے تو نیلوفر اور گُل خیرو کے پھول 6 تا 12 گرام، ایک لیٹر پانی میں جوش دے کر اس میں املی 25 تا 50 گرام مِلا کر چھان کر دن میں پانچ سات دفعہ کھانڈ یا شربتِ بزوری مِلا کر پینے سے بُخار دُور، پیٹ صاف اور بے چینی سے خلاصی ہو جاتی ہے۔
  5. جب گرمی میں چلنے پھرنے یا گرم لُو کے حملہ سے طبعیت بے چین، سر گرم اور ہاتھ پاؤں بے جان معلوم ہونے لگیں تو عُناب پانچ دانے، خربوزے کے تخم کُٹے ہوئے 12 گرام، لیٹر بھر پانی میں جوش دے کر املی 35 تا 70 گرام مِلا کر دن بھر گھونٹ گھونٹ اس کا نِتھرا ہوا پانی مِیٹھا مِلا کر پینے اور اس کے سوا ایک دو دن دوسری غذا بند کر دینے سے ﷲ کے فضل سے ایک دو دن میں صحت ہو جاتی ہے۔

ملتے جُلتے مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی چیک کریں
Close
Back to top button