نعتیں
ہم در آقا پے سر اپنا جھکا لیتے ہیں
ہم درِ آقا ﷺپے سر اپنا جھکا لیتے ہیں
سچ بتانا ارے دنیا تیرا کیا لیتے ہیں
اْس کو آنکھوں پے بٹھاتے ہیں زمانے والے
جس کو محبوبِ خدا ﷺ اپنا بنا لیتے ہیں
وقت کی قید نہیں ہے یہ کرم کی باتیں
جب بھی سرکار ﷺکی مرضی ہو بلا لیتے ہیں
غم کے ماروں کا طبیبو نہ کرو کوئی علاج
ہم غمِ عشقِ نبی ﷺ میں بھی مزا لیتے ہیں
پتھرو تم تو ہو پتھر مگر آقا ﷺ میرے
تم سے گر چاہیں تو کلمہ بھی پڑھا لیتے ہیں
جب نہیں ملتی کہیں سے بھی سکوں کی دولت
تیری محفل تیرے دیوانے سجا لیتے ہیں
یہ بھی سرکار کی رحمت ہے کرم ہے اْنکا
ہم جہاں جائیں وہاں رنگ جما لیتے ہیں
گنبد خضراء خدا تجھ کو سلامت رکھے
دیکھ لیتے ہیں تجھے پیاس بجھا لیتے ہیں