نعتیں
آیا ہے رمضان، جاگ اٹھا ایمان
آیا ہے رمضان، جاگ اٹھا ایمان
ہر نیکی آزاد ہوئی اور قید ہوا شیطان
فجر سے گھنٹوں پہلے ہر گھر میں ہے بیداری
نیند سے سب کو نفرت ہے اور سحری سب کو پیاری
بچے تک اٹھ بیٹھے، اللہ کی دیکھو شان
ہر نیکی آزاد ہوئی اور قید ہوا شیطان
آیا ہے رمضان، جاگ اٹھا ایمان
قبر میں کام نہ آئیں گے یہ سونا چاندی نوٹ
اب بھی وقت ہے کرلو تم دور عمل کا کھوٹ
اس رمضان میں پڑھ لو، تم
تفہیم القرآن
ہر نیکی آزاد ہوئی اور قید ہوا شیطان
آیا ہے رمضان، جاگ اٹھا ایمان
عصبیت کے جھگڑے اور سب فرقے بازی چھوڑو
لادینی سازش کی ساری زنجیروں کو توڑو
روز تراویحوں میں یہی کہتا ہے قرآن
ہر نیکی آزاد ہوئی اور قید ہوا شیطان
آیا ہے رمضان، جاگ اٹھا ایمان
سندھی، پنجابی و مہاجر اور بلوچ، پٹھان
سب کا ایک نبی ہے، اک کعبہ ہے، اک قرآن
اک اللہ کے بندے بن سب اہل ایمان
روزے رکھو، نفرت چھوڑو، بن جاؤ انسان
دعا کرو سب مل کر میرا جیوے پاکستان
ہر نیکی آزاد ہوئی اور قید ہوا شیطان
آیا ہے رمضان، جاگ اٹھا ایمان
اب دنیا داری چھوڑو، رحمت سے دامن بھر لو
رات کی تنہائی میں رو رو کر توبہ کر لو
جانے کب چھن جائیں، ناز اپنے جسم و جان
ہر نیکی آزاد ہوئی اور قید ہوا شیطان
آیا ہے رمضان، جاگ اٹھا ایمان
سلیم ناز