صحیح بخاری، کتاب علم، حدیث نمبر63
صحیح بخاری، کتاب :علم، حدیث نمبر63
ہم سے عبداللہ بن یوسف نے بیان کیا ، کہا ہم سے لیث نے بیان کیا ، انھوں نے سعید مقبری سے ، انھوں نے شریک بن عبداللہ بن ابی نمر سے ، انھوں نے انس بن مالک سے سنا کہ ایک بار ہم مسجد میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے ، اتنے میں ایک شخص اونٹ پر سوار ہو کر آیا اور اونٹ کو مسجد میں بٹھا کر باندھ دیا ۔ پھر پوچھنے لگا بھائیو تم لوگوں میں محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کون سے ہیں ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس وقت لوگوں میں تکیہ لگائے بیٹھے ہوئے تھے ۔ ہم نے کہا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہ سفید رنگ والے بزرگ ہیں جو تکیہ لگائے ہوئے تشریف فرما ہیں ۔ تب وہ آپ سے مخاطب ہوا کہ اے عبدالمطلب کے فرزند! آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ۔ کہو میں آپ کی بات سن رہا ہوں ۔ وہ بولا میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کچھ دینی باتیں دریافت کرنا چاہتا ہوں اور ذرا سختی سے بھی پوچھوں گا تو آپ اپنے دل میں برا نہ مانئے گا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا نہیں جو تمہارا دل چاہے پوچھو ۔ تب اس نے کہا کہ میں آپ کو آپ کے رب اور اگلے لوگوں کے رب تبارک وتعالیٰ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کیا آپ کو اللہ نے دنیا کے سب لوگوں کی طرف رسول بنا کر بھیجا ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہاں یا میرے اللہ! پھر اس نے کہا میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ کی قسم دیتا ہوں کیا اللہ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو رات دن میں پانچ نمازیں پڑھنے کا حکم فرمایا ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہاں یا میرے اللہ! پھر کہنے لگا میں آپ کو اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کہ کیا اللہ نے آپ کو یہ حکم دیا ہے کہ سال بھر میں اس مہینہ رمضان کے روزے رکھو ۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہاں یا میرے اللہ! پھر کہنے لگا میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کہ کیا اللہ نے آپ کو یہ حکم دیا ہے کہ آپ ہم میں سے جو مالدار لوگ ہیں ان سے زکوٰۃ وصول کر کے ہمارے محتاجوں میں بانٹ دیا کریں ۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہاں یا میرے اللہ! تب وہ شخص کہنے لگا جو حکم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے پاس سے لائے ہیں، میں ان پر ایمان لایا اور میں اپنی قوم کے لوگوں کا جو یہاں نہیں آئے ہیں بھیجا ہوا تحقیق حال کے لیے آیا ہوں ۔ میرا نام ضمام بن ثعلبہ ہے، میں بنی سعد بن بکر کے خاندان سے ہوں ۔ اس حدیث کو لیث کی طرح موسیٰ اور علی بن عبدالحمید نے سلیمان سے روایت کیا ، انھوں نے ثابت سے ، انھوں نے انس سے ، انھوں نے یہی مضمون آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نقل کیا ہے ۔