صحیح بخاری، کتاب وضو، حدیث نمبر164
Sahih al Bukhari, The Book of Ablutions, Hadith No. 164
ہم سے ابوالیمان نے بیان کیا ، کہا ہم کو شعیب نے زہری کے واسطے سے خبر دی ، کہا ہم کو عطاء بن یزید نے حمران مولیٰ عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے واسطے سے خبر دی ، انھوں نے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کو دیکھا کہ انھوں نے وضو کا پانی منگوایا اور اپنے دونوں ہاتھوں پر برتن سے پانی ( لے کر ) ڈالا ۔ پھر دونوں ہاتھوں کو تین دفعہ دھویا ۔ پھر اپنا داہنا ہاتھ وضو کر کے پانی میں ڈالا ۔ پھر کلی کی ، پھر ناک میں پانی دیا ، پھر ناک صاف کی ۔ پھر تین دفعہ اپنا منہ دھویا اور کہنیوں تک تین دفعہ ہاتھ دھوئے ، پھر اپنے سر کا مسح کیا ۔ پھر ہر ایک پاؤں تین دفعہ دھویا ۔ پھر فرمایا میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ میرے اس وضو جیسا وضو فرمایا کرتے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص میرے اس وضو جیسا وضو کرے اور ( حضور قلب سے ) دو رکعت پڑھے جس میں اپنے دل سے باتیں نہ کرے ۔ تو اللہ تعالیٰ اس کے پچھلے گناہ معاف کر دیتا ہے ۔


