صحیح بخاری، کتاب وضو، حدیث نمبر159
Sahih al Bukhari, The Book of Ablutions, Hadith No. 159
ہم سے عبدالعزیز بن عبداللہ الاویسی نے بیان کیا ، انھوں نے کہا مجھ سے ابراہیم بن سعد نے بیان کیا ، وہ ابن شہاب سے نقل کرتے ہیں ، انہیں عطاء بن یزید نے خبر دی ، انہیں حمران حضرت عثمان کے مولیٰ نے خبر دی کہ انھوں نے حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کو دیکھا ، انھوں نے ( حمران سے ) پانی کا برتن مانگا ۔ ( اور لے کر پہلے ) اپنی ہتھیلیوں پر تین مرتبہ پانی ڈالا پھر انہیں دھویا ۔ اس کے بعد اپنا داہنا ہاتھ برتن میں ڈالا ۔ اور ( پانی لے کر ) کلی کی اور ناک صاف کی ، پھر تین بار اپنا چہرہ دھویا اور کہنیوں تک تین بار دونوں ہاتھ دھوئے پھر اپنے سر کا مسح کیا پھر ( پانی لے کر ) ٹخنوں تک تین مرتبہ اپنے دونوں پاؤں دھوئے ۔ پھر کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ جو شخص میری طرح ایسا وضو کرے ، پھر دو رکعت پڑھے ، جس میں اپنے نفس سے کوئی بات نہ کرے ۔ تو اس کے گذشتہ گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں ۔