نعتیں
رحمت برس رہی ہے محمد کے شہر میں ہر
رحمت برس رہی ہے محمد کے شہر میں
ہر شے میں تازگی ہے محمد کے شہر میں
ہر ایک بھر رہا ہے یہاں دامن مراد
مخلوق آ رہی ہے محمد کے شہر میں
آتے ہیں بخشوانے گناہوں کو گنہگار
قسمت بدل رہی ہے محمد کے شہر میں
ایسا لگا کہ سامنے خود آ گئے حضور
اک نعت جب پڑھی ہے محمد کے شہر میں
دولت سکوں کی ہر جگہ ہم ڈھونڈتے رہے
آخر یہ مل گئی ہے محمد کے شہر میں
ہر سمت آ رہی ہے صدائیں درود کی
اک دھوم سی مچی ہے محمد کے شہر میں
روشن ہے جن کے نور سے دونوں جہاں ریاض
ایسی شمع جلی ہے محمد کے شہر میں
سید ریاض الدین سہروردی