نعتیں
اللهمَّ بَلِّغْنَا رَمَضَانَ
*اللہم بلغنا رمضان اللہم بلغنا رمضان*
مرحبا صد مرحبا پھر آمد رمضان ہے
کھِل اُٹھے مُرجائے دل تازہ ہوا ایمان ہے
یا خُدا ہم عاصیوں پر یہ بڑا احسان ہے
زندگی میں پھر عطا ہم کو کیا رمضان ہے
*اللہم بلغنا رمضان اللہم بلغنا رمضان*
تجھ پہ صدقے جاؤں رمضاں تو عظیم الشان ہے
تجھ میں نازل حق تعالیٰ نے کیا قُرآن ہے
ابرِ رحمت چھا گیا ہے اور سماں ہے نور نور
فضل رب سے مغفرت کا ہوگیا سامان ہے
*اللہم بلغنا رمضان اللہم بلغنا رمضان*
ہر گھڑی رحمت بھری ہے ہر طرف ہیں برکتیں
ماہ رمضان رحمتوں اور برکتوں کی کان ہے
آ گیا رمضان عبادت میں کمر اب باندھ لو
فیض لےلو جلد یہ دن تیس کا مہمان ہے
*اللہم بلغنا رمضان اللہم بلغنا رمضان*
عاصیوں کی مغفرت کا لے کر آیا ہے پیام
جھوم جاؤ مجرموں رمضان مہ غفران ہے
بھائیوں بہنوں کرو سب نیکیوں پر نیکیاں
پڑگئے دوزخ پے تالے قید میں شیطان ہے
*اللہم بلغنا رمضان اللہم بلغنا رمضان*
بھائیوں بہنوں گناہوں سے سبھی توبہ کرو
خُلد کے در کھل گئے ہیں داخلہ آسان ہے
کم ہوا زورِ گناہ اور مسجدیں آباد ہیں
ماہ رمضان المبارک کا یہ سب فیضان ہے
*اللہم بلغنا رمضان اللہم بلغنا رمضان*
روزہ دارو جھوم جاؤ کیونکہ دیدار خدا
خلد میں ہوگا تمہیں یہ وعدہ رحمان ہے
دو جہاں کی نعمتیں ملتی ہے روزہ دار کو
جو نہیں رکھتا ہے روزہ وہ بڑا نادان ہے
*اللہم بلغنا رمضان اللہم بلغنا رمضان*
یا الہی تو مدینے میں کبھی رمضان دِکھا
مُدتوں سے دل میں یہ *عطاّر* کے ارمان ہے