نعتیں
اللہ میرے آقا کا انداز فقیرانہ
اللہ میرے آقا ﷺ کا انداز فقیرانہ
کملی میں جھلکتی ہے اک شوکت شاہانہ
ان آنکھوں کی عظمت پر کونین بھی صدقے ہیں
جن آنکھوں نے دیکھا ہے وہ جلوہء جانانہ
گر انؐ کی محبت ہو اور انؐ کی اطاعت ہو
بخشش کا ملے تمغہ اور خلد کا پروانہ
ہے عشقِ شہِ بطحاﷺ وہ جنسِ گراں قیمت
کونین کی دولت بھی جس کا نہیں بیعانہ
جو غم میں مٹا انؐ کے، وہ زندہ ہے زندہ ہے
جو ان کا ہے دیوانہ، فرزانہ ہے فرزانہ
کوئی بھی کہے کچھ بھی، مطلب ہے فریدی کیا
ان سے ہے مجھے نسبت، میں ان کا ہوں دیوانہ